تلنگانہ کے مختلف مقامات پر سڑک حادثات۔5افراد ہلاک

حیدرآباد،مارچ۔ تلنگانہ کے مختلف مقامات پر پیش آئے سڑک حادثات میں 5افراد ہلاک اور دیگرزخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثات تیز رفتاری اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آئے ۔پہلا حادثہ سوریہ پیٹ ضلع کے کوداڑ منڈل کے توگررائی علاقہ میں اُس وقت پیش آیا جب شیوراتری کے موقع پر تین نوجوان بائیک پر جاترا کے لئے جارہے تھے کہ ان کی ٹووہیلر چلانے والے نے اس کا توازن کھودیاجس کے نتیجہ میں ان کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکراگئی۔اس حادثہ میں ایک نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگیاجبکہ اس کے دیگر دو ساتھی زخمی ہوگئے ۔ان کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیاجہاں ایک زخمی کی موت ہوگئی۔میڑچل چیک پوسٹ کے قریب دوسراحادثہ پیش آیاجہاں دو نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔مدھیہ پردیش کے بعض نوجوان کار کے ذریعہ حیدرآباد آرہے تھے ۔کار چلانے والے شخص نے اس کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں یہ کار ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی جس کے سبب دو نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر تین نوجوانوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔حادثہ کے وقت کار میں 9نوجوان سوار تھے ۔پولیس نے ابتدائی جانچ میں اس بات کی نشاندہی کی کہ حالت نشہ میں ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔یادادری بھونگیر ضلع کے توپران پیٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک سافٹ ویر انجینئر ہلاک ہوگیا۔پرائیویٹ ٹراویلس کی بس حیدرآباد آرہی تھی کہ بس ڈرائیور کے حالت نیند میں ہونے کے نتیجہ میں بس، ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد کار سے ٹکراگئی جس میں کاکناڈا کا رہنے والا سافٹ ویر انجینئر سریش حیدرآباد سے کاکناڈا جارہاتھا۔اس حادثہ میں سریش موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔کار میں سوار ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔

Related Articles