تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کرسمس کی تقاریب کا جوش وخروش
حیدرآباد، دسمبر۔ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کرسمس کی تقاریب روایتی مذہبی جوش وخروس کے ساتھ منائی گئیں۔اس موقع پر کل رات خصوصی دعائیہ اجتماعات بھی ہوئے جس کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔عیسائی براداری سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکبا د پیش کی۔کرسمس ٹری کو بھی بڑے پیمانہ پر مختلف مقامات پرسجایا گیا۔گرجا گھروں میں لوگوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ شہر حیدرآباد کے چیاپل روڈ پر واقع متھوڈسٹ چرچ کرسمس عوام کی توجہ کا مرکز بنارہا۔ساتھ ہی سینٹنری متھوڈسٹ چرچ میں کرسمس ٹری بھی لگایا گیا ہے۔ اس کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ہر سال کرسمس کے موقع پر ان گرجا گھروں کو بڑے پیمانہ پرسجایاجاتا ہے۔متھوڈسٹ چرچ میں کرسمس کے موقع پر تقریبا 5000افراد شرکت کرتے ہیں۔یہ متھوڈسٹ چرچ تقریبا140سال قدیم ہے۔ کرسمس تہوار کے پیش نظر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ساتھ ہی تلنگانہ کے ضلع میدک کے قدیم چرچ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ میدک چرچ تاریخی اہمیت کا حامل اور ایشیاء کا دوسرا بڑا گرجا گھر ہے جہاں بیرونی سیاح کی بھی کافی تعداد میں آمد ہوتی ہے۔میدک چرچ 1925 میں تعمیر ہوا تھا۔10 سال اس چرچ کی تعمیر میں لگے۔ یہاں عظیم وشنا ن پیمانے پر کرسمس منایاگیا۔ میدک چرچ دکن کے نظام کی اجازت سے حیدرآباد سے 100 کیلو میٹر دورمیدک میں تعمیر کیا گیا تھا۔ تلنگانہ بھر کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں کے عیسائیوں کا بڑا اجتماع یہاں دیکھا گیا۔ اس موقع پر خصوصی عبادات کی گئیں۔ چرچ اور اس کے اطراف جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ چرچ کے اندر کے تمام کمروں کے علاوہ میدک ٹاؤن کی تمام لاجس اور ہوٹلیں لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔ اس موقع پر چرچ کو رنگا رنگ روشنی سے سجایا گیا تھا۔ چرچ کو جانے والی سڑکوں کو بھی روشن کیا گیا تھا۔ کل شب سے ہی عیسائیوں کی بڑے پیمانے پر آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے اور میدک ٹاؤن و اس کے اطراف کے اہم مقامات پر سیکوریٹی کی فراہمی کیلئے ملازمین پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ چرچ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔اس موقع پر پارکنگ کے لئے وسیع بندوبست کیا گیا تھا۔ بی آرایس کی رکن اسمبلی پدمادیویندرریڈی نے اس موقع پر کیک کاٹا اور عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ نلگنڈہ کے بھی کئی چرچس کو سجایا گیا۔ ضلع کے سینٹینرنگ ایس ایس تلگو باپسٹ چرچ کلاک ٹاور سنٹر، ماریہ رانی کیتھیڈل چرچ دیور کنڈہ روڈ اور مختلف مقامات کے چرچس کو روشن کیا گیا۔ ضلع کے سب سے اونچے جاپا مالا چرچ کیتھ پلی کو سجایا گیا۔ آندھراپردیش کے وجئے واڑہ،اونگول اور دیگر علاقوں میں بھی کرسمس تقاریب بڑے پیمانہ پر منائی گئیں۔اس موقع پر عیسائیوں کے کثیر اجتماعات چرچس میں دیکھے گئے۔