ترک صدرکا زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

انقرہ ،فروری ۔جمہوریہ ترکیہ کے صدررجب طیب اریردوآن نے کہا ہے کہ حکومت تباہ کن زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لْوٹ مار اور دیگر جرائم میں ملوّث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔انھوں نے ہفتے کے روز آفت زدہ علاقے کے دورے کے موقع پرکہا:’’ہم نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔اس کامطلب یہ ہے کہ اب لْوٹ ماریا اغوا میں ملوّث لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ریاست کا مضبوط ہاتھ ان کے گریبان پرہوگا‘‘۔انھوں نے کہا کہ جمعہ کے روزکچھ علاقوں میں لوٹ مار ہوئی ہے۔یہ واضح نہیں کہ صدرایردوآن نے اغوا کے واقعات کا کیوں حوالہ دیا ہے اور آیا کسی علاقے میں اغوا کی وارداتیں بھی ہوئی ہیں۔دریں اثناء ترک حکومت نے آسٹریا کی فوج کی جانب سے امدادی کارروائیوں کو معطل کرنے کے فیصلے کے بعد زلزلہ زدہ علاقوں میں سکیورٹی کی صورت حال پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔صدرایردوآن نے یہ بھی کہاکہ ترکیہ کے جنوبی علاقے میں لاکھوں عمارتیں رہائش کے قابل نہیں رہی ہیں اورحکام جلد ہی تعمیرِنوکاعمل شروع کریں گے۔انھوں نے کہا:’’ہم نے لاکھوں عمارتوں کی تعمیرِنو کا منصوبہ بنایا ہے۔ہم چند ہفتوں کے اندرٹھوس اقدامات کریں گے‘‘۔انھوں نے مزید بتایا کہ ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد21,043 ہوگئی ہے۔

Related Articles