ترکیہ نے 44 جاسوسوں کو گرفتار کرلیا

انقرہ ،دسمبر۔ترک انٹیلی جنس سروس نے اسرائیلی خفیہ ادارے موسادکے 44جاسوسوں کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار افراد ترکیہ میں موجود فلسطینی تنظیموں اور شخصیات کا پیچھا کررہے تھے۔ ترک میڈیا کے مطابق استنبول پولیس اور ترک انٹیلی جنس سروسز کے مشترکہ آپریشن میں اسرائیلی خفیہ ادارے موسادکے 44جاسوسوں کو گرفتار کرلیا، حکام نے استنبول میں قائم مشاورتی فرموں کی چھان بین کی ،جس میں انکشاف ہوا کہ اسرائیلی جاسوسوں نے فلسطینیوں اور ان کی حمایت کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کی نگرانی کے لیے فنڈنگ کی تھی۔ انہوں نے آن لائن بدنامی اور دھمکیاں دینے کے ساتھ فلسطینیوں کے خلاف مہم چلائی تھی۔ دوسری جانب ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے کے شہر دیار بکر میں کار بم دھماکے میں 8 پولیس اہل کار زخمی ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں نصب تھا۔ مقامی حکام نے دھماکے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی تردید کرتے ہوئے 8 پولیس اہل کاروں کے زخمی ہونے اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔

Related Articles