بی جے پی لوک سبھا، اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے تیار: جے رام

بلاس پور،اکتوبر۔ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست میں لوک سبھا اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے پوری طرح سے تیار ہے اور ان سبھی سیٹوں پر فتح درج کرے گی۔ مسٹر ٹھاکر نے ضلع بلاس پور کے گُھمارویں میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ سبھی سیٹوں پر امیدواروں کے نام کا پینل ہائی کمان کو بھیج دیا گیا ہے۔ امیدواروں کے ناموں پر حتمی مہر لگتے ہی آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ منڈی لوک سبھا حلقے سے ممکنہ امیدوار کی بابت سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی نہ کوئی پارٹی کارکن ہی الیکشن لڑے گا۔ انہوں نے کانگریس کے رکن اسمبلی وکرامدتیہ سنگھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کئی حکومتیں دیکھی ہیں جبکہ وہ پہلی بار ہی رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور خود کو بہت بجربہ کار مانتے ہیں۔ وزیراعلیٰ اتوار کی صبح سڑک کے راستے دھرمشالہ کے لیے روانہ ہوئے۔ وہ راستے میں گھمارویں پہنچنے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی کے آرام گاہ میں ٹھہرے جہاں فوڈ اور سپلائی کے وزیر راجیندر گرگ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما موجود تھے۔

Related Articles