بی جے پی سے صفائی کی کوئی امید نہیں

مدھیہ پردیش میں انتظامیہ غیر جانبدارانہ طریقہ سے بلدیاتی انتخابات کرائے: کمل ناتھ

بھوپال، جون۔مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے درمیان وہاں موجود مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سودے بازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سے صفائی کی امید نہیں کی جا سکتی اور اب مدھیہ پردیش کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ بلدیاتی انتخابات منصفانہ طریقے سے کرائے جائیں۔مسٹر کمل ناتھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مدھیہ پردیش میں شہری اداروں اور پنچایتوں کے انتخابات ہو رہے ہیں۔ کمیشن کی نگرانی میں جمہوریت کے اس عظیم تہوار کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں، انتظامیہ اور عوام پر عائد ہوتی ہے لیکن انتخابات کا غیرجانبدارانہ، آزادانہ اور شفاف انعقاد انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بے اخلاقی اور سودے بازی کی بنیاد پر کھڑی بی جے پی حکومت سے صفائی کی امید نہیں کی جا سکتی ۔ بی جے پی کے ذریعہ انتظامی مشینری پر دباؤ ڈال کر اس کے غلط استعمال کے اندیشوں کو مسترد بھی نہیں کیا جا سکتا، لیکن یہ اعتماد ہے کہ مدھیہ پردیش کی انتظامی مشینری آئینی اقدار پر عمل کرتے ہوئے منصفانہ انتخابات کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام مسلسل انتظامی نظام کی نگرانی کرتے ہوئے جائزہ لیتے ہیں۔ انتظامیہ بے خوف نظام اور غیرجانبدارانہ رہ کر انتخابات کراتے ہوئے جمہوریت کے عظیم فیسٹول کو کامیاب بنائے۔

 

Related Articles