بھاگلپور میں دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہوئی

بھاگلپور، مارچ۔ بہار میں شہر بھاگلپور کے تاتارپور علاقے میں جمعرات کی دیر رات شدید دھماکے کے سبب ایک مکان گرنے سے ملبے میں دب کر ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے ۔بھاگلپور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سوجیت کمار نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ کاجولیچک محلے میں ایک تین منزلہ مکان جمعرات کی دیر رات زور دار دھماکے سے منہدم ہو گیا اور اس کے ملبے تلے دب کر کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے اور 12 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو بھاگلپور کے صدر اسپتال اور جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔مسٹر کمار نے کہا کہ زور دار دھماکے کی وجہ سے منہدم ہونے والے مکان کے ملبے کو صاف کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور ملبہ ہٹانے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس حادثے میں تباہ شدہ مکان کے قریب دو افراددیگر مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ اس حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں مذکورہ مکان میں غیر قانونی پٹاخے اور دیسی ساختہ بم کی چیزیں سامنے آئی ہیں۔ فورنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت پولیس اور ضلع انتظامیہ کے کئی افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ اور راحت کا کام جاری ہے۔

Related Articles