بھارت کی نجی فضائی کمپنی کے مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

کراچی،مارچ۔بھارت کی نجی ایئر لائن کے مسافر طیارے میں سوار ایک شخص کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر پیر اسے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیگو ائیر لائن کی دہلی سے دوحا کی شیڈول پرواز 6E1736 پاکستان کی فضائی حدود میں تھی کہ اڑان کے ایک گھنٹے 40 منٹ بعد میڈیکل ایمرجنسی ہوئی اور طیارے میں سوار 60 سالہ نائجیرین شہری کی طبیعت خراب ہوئی۔پائلٹ کی جانب سے میڈیکل ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے پر ٹریفک کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی، طیارے نے رات12 بجکر 12 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر لینڈ کیا، مریض کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایمبولینس اور ڈاکٹر فراہم کیا گیا۔سول ایوی ایشن اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کو چیک کیا لیکن 60 سالہ مسافر عبداللہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کر چکا تھا جس کے بعد مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا۔اس تمام مرحلے کے دوران بھارتی ائیر لائن انڈیگو کا ائیر بسA320-271N طیارہ لگ بھگ 4 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود رہا،صبح 4:06 بجے طیارہ اپنی منزل دوحا کی بجائے دہلی کے لیے روانہ ہوا اور مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ دہلی پر لینڈ ہوا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق میڈیکل ایمرجنسی اور مسافر کے انتقال کی وجہ سے طیارے نے اپنا اگلا سفر ملتوی کیا اور میت کو لواحقین کے حوالے کرنے کے لیے پائلٹ کو طیارہ واپس دہلی لے جانا پڑا۔

Related Articles