بنگال میں کام کرنے والے افسرا ن کیلئے بنگلہ جاننا ضروری:ممتا بنرجی
کلکتہ ،دسمبر ۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج افسران سے کہا ہے کہ مقامی سطح پر کام کرنے کیلئے ان کا بنگلہ جاننا ضروری ہے۔اس کے بغیر عام لوگوں کے مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مقامی بچوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کیا جائے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مالدہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ میں کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ریاست میں ملازمت زیادہ سے زیادہ بنگلہ جاننے والے بچوں کو ملے۔انہوں ے کہا کہ بہار اور اترپردیش میں بھی بنگلہ جاننے والے موجود ہیں۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ اس معاملے میں آپ غوروفکر کریں، انہوں نے کہا کہ ہم کبھی مختلف کمیشن بناتے ہیں تو وہاں نوکری نمبرات کی بنیاد پر ملتے ہیں۔اس میں دوسری ریاست سے آئے بچے بھی اچھے نمبرات لاکر نوکری حاصل کرلیتے ہیں اور بنگال کے بچے محروم ہوجاتے ہیں۔اسی کا نتیجہ ہے کہ بہت سارے افسران ایسے ہیں جنہیں بنگالی نہیں آتی ہے۔اس کی وجہ سے ایڈمنسٹریشن کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے زبان سمجھیں تو کوئی مسئلہ نہیں پیدا ہوگا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ جہاں آپ کام کرتے ہیں وہاں بنگلہ جاننا ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دینے کے اندازمیں کہا کہ مقامی زبان جانے بغیر ضلع میں کام نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے انتظامی میٹنگ سے یہ بھی کہا کہ حکومت نے اس وقت بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ایک بہت بڑا پروگرام منعقد کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔