بنگال میں بہار سے اسمگل کیا گیا دھماکہ خیز مواد ضبط
کولکتہ ,اپریل۔ مغربی بنگال پولیس نے ریاست کے مشرقی ضلع بردھمان میں ایک پرائیویٹ مسافر بس میں بہار سے لائے جارہے تقریبا چارکلوگرام دھماکہ خیز مواد کو ضبط کیا ہے اور ایک اسمگلر اور اس کے ممکنہ خریدار کو گرفتار کیا ہے۔سرکاری ذرائع نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ریاستی پولیس نے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی پی) کی ایک ٹیم کے ساتھ اتوار کی شام کو جال بچھایا اور کٹوا میں بس پر چھاپہ مارا۔ ٹیم نے بس سے دھماکہ خیز مواد کو ضبط کر لیا اور اسمگلر کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت اعجابل شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار اسمگلر سے پوچھ گچھ سے پولیس کو دھماکہ خیز مواد کے خریدار ربیبل شیخ کو گرفتار کرنے میں مدد ملی۔ اس کے دھماکہ خیز مواد کے کاروبار میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کو پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ اور اس کے استعمال کے بارے میں پوچھ گچھ کے لیے پولس عدالت سے ان کو حراست میں لینے کی استدعا کرے گی ۔اس درمیان، ایک دوسرے معاملے میں بانکرا ضلع پولیس نے بیربھوم ضلع سے دو مشتبہ ماؤنواز ٹیپو سلطان عرف مصطفی کمال اور ارکدیپ گوسوامی کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اتوار کو بیر بھوم کے بول پور میں دو ٹھکانوں میں چھاپے مار کر دونوں کو گرفتار کیا اور نکسلیوں کے پوسٹر سمیت متعدد قابل اعتراض دستاویز ضبط کئے۔ دونوں کو سوموار کو بانکرا ضلع کے کھترا میں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔پولیس نے بتایا کہ وشو بھارتی کے سابق طالب علم ٹیپو سلطان کو پہلے بھی دوبار گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس کو پہلی بار بیل پہاڑی اور 2018 میں گوآلتور میں اس کے مشتبہ ماؤ نواز پروگرام کے لیے جنگل محل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ارکدیپ کو بھی 2018 میں گوآلتورسے گرفتار کیا گیا تھا۔