بنگال میں اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آیا۔ سات سالہ لڑکا متاثر
کلکتہ ,دسمبر ۔مغربی بنگال میں اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔مرشدآباد کے فرخا کے رہنے والے ایک سات سالہ بچے میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔یہ لڑکاحال ہی میں حیدرآباد سے واپس آیا ہے۔ چند روز قبل برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون میں کرونا وائرس پایا گیا تھا۔ خاتون برطانیہ سے دوحہ کے راستے کلکتہ ایئرپورٹ پر پہنچی تھیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ خاتون بھی اومیکرون سے متاثر ہے۔ لیکن اب تک خاتون میں اومیکرون کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق لڑکا مشرق وسطیٰ کے ابو ظہبی سے حیدرآباد واپس پہنچا اور پھر وہاں سے مرشد آباد پہنچا ہے۔ حیدرآباد ایئیر پورٹ پر آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کرایا گیا تھا اور اس رپورٹ مثبت آئی تھی۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کے باوجود لڑکا مرشدآباد اپنے گھر آگیا ہے بچے میں اومیکروں کی تصدیق ہوتے ہی محکمہ صحت متحرک ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بچے کو گھر میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ قدرتی طور پر اس واقعہ کے بعد محکمہ صحت میں ہلچل مچ گئی۔ویسے ڈیلٹا کے بعد دنیا کے کئی ممالک میں اومی کرون ویرینٹ کے بارے میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ دنوں دہلی میں 4 افراد میں جوکورونا سے متاثر تھے ان میں اومیکرون پایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں اومیکرون کورونا حملوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر میں مزید 6 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ملک میں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 56 ہو گئی ہے۔ اس بار مغربی بنگال بھی اس فہرست شامل ہوگیا ہے۔اس دوران ریاست میں کورونا انفیکشن میں بھی کچھ اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں 552 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرین کی کل تعداد 18 لاکھ 24 ہزار 181 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 554 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔گزشتہ ایک دن میں کورونا سے 10 افراد کی موت ہوئی ہے۔