بطور وزیر اعلیٰ میرا تمام کام شہید بھگت سنگھ کے وژن کے مطابق ہوگا: چنی
کھٹکڑ کلاں (شہید بھگت سنگھ نگر) ، ستمبر۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے آج فیصلہ کیا کہ ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے ان کا ہر کام شہید اعظم بھگت سنگھ کے نظریات اور سوچ کے مطابق ہوگا۔شہید اعظم کی سالگرہ کے موقع پر آج مسٹر چنی یہاں پہنچے اور شہید یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ ان کے ہمراہ اسپیکر اسمبلی رانا کے پی سنگھ، کابینہ کے وزراء رانا گرجیت سنگھ اور امریندر سنگھ راجہ وڈنگ بھی موجود تھے۔ انہوں نے شہید بھگت سنگھ کے آبائی گھر کا بھی دورہ کیا۔ شہید اعظم کے گھر میں داخل ہونے سے پہلے وزیراعلیٰ نے شہید کے آبائی گھر کے دروازے پر سر جھکا کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔شہید اعظم کے آبائی گھر میں وزیٹر بک میں ایک جذباتی پیغام درج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے لکھا کہ ’’ یہ مقام مبارک ہے جس نے شہید اعظم سردار بھگت سنگھ جیسا لیڈر پیدا کیا۔ میں نے اپنے سر پر یہ مٹی لگا کر بہت خوشی محسوس کی۔ میں یہ عہد کرتا ہوں کہ بحیثیت وزیراعلیٰ میں سب کچھ اس سوچ کے ساتھ کروں گا کہ بھگت سنگھ مجھے دیکھ رہے ہیں۔‘‘مسٹر چنی نے کہا کہ ہم اس عظیم شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں جنہوں نے اس مقدس سرزمین پر قومی آزادی کی جدوجہد کے لیے اپنی جان قربان کی۔ وہ شہید اعظم کے خوابوں کو سچ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔