اے پی:کمیکل فیکٹری میں آگ، 6ورکرس زندہ جھلس کر ہلاک۔پانچ مہلوکین کا بہار سے تعلق

حیدرآباد۔ اپریل۔ آندھراپردیش کے ضلع کرشنا کے ایلورو میں پورس پرائیویٹ لمیٹیڈ کمیکل فیکٹری میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 6ورکرس زندہ جھلس کر ہلاک اور دیگر12جھلس گئے۔ریاستی حکومت نے اس واقعہ میں ہر مہلوک کے خاندان کے لئے 25لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔پولیس نے کہا کہ فیکٹری کے یونٹ 4کا ری ایکٹر نصف شب کے بعد اچانک پھٹ پڑااور آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جس کے نتیجہ میں 5ورکرس زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔یہ ورکرس فیکٹری میں نائٹ ڈیوٹی کررہے تھے جبکہ ایک کی اسپتال منتقلی کے دوران موت ہوگئی۔بقیہ چار افراد کی حالت کافی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پانچ مہلوکین کا تعلق بہار سے ہے۔جھلسے ہوئے افراد کو نزواڑ کے سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا۔بعد ازاں چار افراد کو وجئے واڑہ لے جایاگیا کیونکہ ان کی حالت کافی تشویشناک ہوگئی تھی۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پانچ فائربریگیڈس نے وہاں پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔کمیکل جو دوائیں تیار کرنے کے لئے دواساز کمپنیوں کی جانب سے استعمال کیاجاتا ہے، اس کمپنی میں تیار کیاجاتا ہے۔کلکٹروی پرسنا وینکٹیش، ایس پی راہل دیوشرما اور رکن پارلیمنٹ کے سری دھر نے صورتحال کاجائزہ لیا۔اسی دوران وزیراعلی جگن موہن ریڈی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کااظہار کیا۔وزیراعلی نے ہر مہلوک کے خاندان کے لئے 25لاکھ روپئے،شدید طورپر جھلس جانے والوں کے لئے پانچ لاکھ روپئے اور معمولی جھلسنے والوں کے لئے دو لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔

Related Articles