ایم پی میں 15 لاکھ 42 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز: شیوراج

اندور، جنوری۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں منعقدہ دو روزہ گلوبل انویسٹرس سمٹ (جی آئی ایس) میں مختلف شعبوں میں 15 لاکھ 42 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں اور جس سے تقریباً 29 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے جی آئی ایس کے اختتامی دن اپنے خطاب میں یہ جانکاری دی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، شہری ہوا بازی کے وزیر جیوتیرآدتیہ سندھیا، مرکزی سماجی انصاف کے وزیر وریندر کمار، مرکزی وزیر مملکت اسٹیل فگن سنگھ کلستے، کئی عوامی نمائندے، اعلیٰ حکام اور ملک کی صنعت و حرفت سے وابستہ بڑی شخصیات موجود تھیں۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ کل 15 لاکھ 42 ہزار کروڑ روپے میں سے چھ لاکھ کروڑ سے زیادہ کی تجاویز قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق ہیں۔ اس کے علاوہ شہری بنیادی ڈھانچے سے متعلق سرمایہ کاری میں دو لاکھ 68 ہزار کروڑ روپے شامل ہیں، ایگری پروسیسنگ کے شعبے میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز شامل ہیں۔ ساتھ ہی سرمایہ کاری کی تجاویز آئی ٹی، پیٹرو کیمیکلز، سروسز، الیکٹرک وہیکلز، ہیلتھ کیئر اور ریٹیل (رٹیل) شعبوں سے متعلق ہیں۔سرمایہ کاروں کے مفاد میں کئی اعلانات کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت عزم کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز کو نافذ کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ انہوں نے اپنے انداز میں کہا کہ حکومت تجاویز پیش کرنے والے سرمایہ کاروں کا پیچھا چھوڑنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست صنعتی شعبے میں ’’رن وے‘‘ پر چل رہی ہے اور بہت جلد ہم ’’ٹیک آف‘‘ کر کے آسمان کو چھوئیں گے۔

Related Articles