ایس پی لیڈر کی بہو بیٹی بی جے پی میں محفوظ: ٹھاکر
نئی دہلی، جنوری۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے بدھ کو کہا کہ سماج وادی پارٹی کے لیڈر بھی جانتے ہیں کہ ان کی بیٹیاں اور بہوئیں بی جے پی میں محفوظ ہیں۔مسٹر ٹھاکر نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے کئی ایم ایل اے اور ایم ایل سی سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ پارٹی میں خوش آمدید۔اسی ضمن میں آج سماج وادی پارٹی کے بانی لیڈر ملائم سنگھ یادو کی بہو اپرنا یادو نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ان سب کے آنے سے بی جے پی کو بھی تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ لیکن یہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے کہ اتر پردیش میں پچھلے پانچ سالوں میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے بیٹیوں اور بہوؤں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ اس بات کو سماج وادی پارٹی کے لیڈر اوران کےگھر کی بہو بیٹی بھی تسلیم کرتی ہیں۔ مسٹر ملائم سنگھ یادو کی بہو ہوں یا مسٹر سوامی پرساد موریہ کی بیٹی، دونوں بی جے پی میں محفوظ ہیں۔مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ اتر پردیش کی 25 کروڑ کی آبادی میں مائیں اور بہنیں یہ جانتی ہیں اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومتوں پر پورا بھروسہ ہے۔سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے الیکشن لڑنے کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ ایس پی اور اس کے اتحاد کی پہلی فہرست سامنے آنے کے بعد ان کی پارٹی کے ساتھ ساتھ ان کی بھی تنقید ہو رہی ہے۔ یہاں تک کہ ایس پی کے کارکن اور حامی بھی سمجھ رہے ہیں کہ مسٹر یادو اور یوگی آدتیہ ناتھ میں کیا فرق ہے۔