ایس پی سے اتحاد کی باتیں محض افواہ:انوپریا پٹیل
اعظم گڑھ:دسمبر۔ اپنا دل(ایس) کی صدر اور مرکزی وزیر انوپریا پٹیل نے اتوار کو واضح کیا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے ساتھ ان کی پارٹی کے اتحاد کی باتیں محض افواہ ہیں۔یہاں ایک پروگرام میں شرکت کرنے پہنچی پٹیل نے کہا کہ اپنا دل نے گذشتہ تین انتخابات بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر کے لڑے ہیں۔انہوں نے ایس پی سے اتحاد کی چہ میگوئیوں سے جڑے میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ اترپردیش اسمبلی کے آئندہ سال انتخابات میں بھی اپنا پارٹی اور بی جےپی کے درمیان چوتھی بار اتحاد کے سلسلے میں بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی سے اتحاد کی بات محض افواہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پٹیل کی ماں کرشنا پٹیل نے ایس پی صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کر کے ان کی قیادت والی اپنا دل گروپ کا ایس پی سے اتحاد ہونے کی بات کہی تھی۔ حالانکہ اپنا دل کے دونوں گروپ نظریاتی سطح پر ایک دوسرے کے مخالف ہیں اور الگ الگ انتخاب لڑتے ہیں۔انتخاب میں ان کی پارٹی کی حکمت عملی کے سوال پر پٹیل نے کہا کہ اپنا دل(ایس)سماجی انصاف اور بی جے پی حکومت کی ترقیاتی کاموں کے ساتھ انتخابات میں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے ساڑھے چار سالہ میعاد کار میں ریاست کی کافی ترقی ہوئی ہے۔