ایران میں خیرسگالی کی صورت میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری ممکن ہے:وزیرخزانہ

ریاض،مارچ۔سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمدالجدعان نے کہا ہے کہ جب تک خیرسگالی کا جذبہ برقراررہتا ہے اور اس کا بدستور مظاہرہ کیاجاتا ہے تو ایران میں اس صورت میں سعودی عرب کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔انھوں نے یہ بات الریاض میں منعقدہ مالیاتی شعبے (فنانشیل سیکٹر) کی کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کے موقع پر کہی ہے اور ان کا یہ بیان سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی کے نتیجے میں سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔الجدعان نے کہا کہ جب تک معاہدے اور خودمختاری کے احترام کاعزم کیا جاتا ہے تب تک دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے انھیں مستقبل میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع تک رسائی کے لیے استعمال کرنے میں انھیں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آتی ہے۔انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ سعودی عرب ایران سے طے پانے والے معاہدے کے اصولوں پر کاربند ہے۔اس کا اعلان گذشتہ جمعہ کو سعودی مملکت، ایران اور چین کی طرف سے جاری کردہ سہ فریقی بیان میں کیا گیا تھا۔سعودی وزیرخزانہ نے کہاکہ میرے خیال میں ایران میں بہت سے مواقع موجود ہیں اور جب تک خیرسگالی کا سلسلہ جاری رہے گا،ہم انھیں بہت سے مواقع مہیّا کرسکتے ہیں۔یادرہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانہ اور مشہد میں واقع قونصل خانے پر مشتعل افرادکے حملوں کے بعد ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے رواں ہفتے کے اوائل میں کہاتھا کہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ بات چیت کے ذریعے اختلافات کوحل کرنے کی باہمی خواہش کی تصدیق کرتا ہے۔

Related Articles