اکھلیش مین پوری کی کرہل اسمبلی حلقے سے آزمائیں گے قسمت
لکھنؤ:جنوری۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ و یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو ضلع مین پوری کی کرہل اسمبلی حلقے سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق لیڈر مرحوم اوپیندر شکلا کی بیوی شبھاوتی شکلا کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف گورکھپور صدر اسمبلی حلقے سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ایس پی ترجمان راجندر چودھری نے جمعرات کو اکھلیش اور شکلا کو اسمبلی انتخابات کا امیدوار بنائےجانے کی تصدیق کرتے ہوئےبتایا کہ پارٹی صدر کو مین پوری کی کرہل سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی میں شامل ہوئی شبھاوتی شکلا کو گورکھپور صدر سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ بدھ کو اکھلیش نے کہا تھا کہ اگر وہ اسمبلی الیکشن لڑیں گے تو اعظم گڑھ کی عوام سے پوچھ کر ہی انتخاب لڑیں گے۔ اکھلیش اعظم گڑھ سے اس وقت رکن پارلیمان ہیں۔ وہ پہلی بار اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمائیں گے۔اس سے پہلے سال 2012تا2017 کے دوران بطور وزیر اعلی وہ قانون ساز کونسل کے رکن تھے۔ ایس پی کا قلعہ مانی جانی والی کرہل سیٹ کو اکھلیش کے لئے بیحد محفوظ سیٹ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔اس سیٹ پر 1993 سے اب تک ہوئے گذشتہ 6انتخابات میں پانچ بار ایس پی اور ایک بار بی جے پی امیدوار کو جیت ملی ہے۔کرہل سے موجودہ ایس پی ایم ایل اے سوبرن سنگھ یادو نے اسی پی امیدوار کے طور پر سال 2007 سے جیت کی ہیٹرک لگائی ہے۔ جبکہ سال 2002 کے الیکشن میں سوبرن سنگھ بی جے پی امیدوار کے طور پر اس سیٹ اسمبلی پہنچے تھے۔ ایس پی فاونڈر ملائم سنگھ یاد و کرہل میں ہی ٹیچر تھے اور یہیں سے انہوں نے اپنا سیاسی سفر شروع کیا تھا۔گوکھپور صدر اسمبلی سیٹ پر ایس پی نے بی جے پی کے ہی سابق نائب صدر اپیندر شکلا کی بیوی کو امیدوار بنایا ہے۔ وزیر اعلی بننے کے بعد یوگی کے ذریعہ سال 2017 میں گورکھپور رکن پارلیمنٹ سے استعفی دینے کے بعد ہوئے ضمنی الیکشن میں بی جے پی نے شکلا کو ہی اپنا امیدوار بنایا تھا حالانکہ وہ الیکشن ہار گئےتھے۔ شکلا کا سال 2020 میں دل کا دورہ پڑنے وکی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا۔