اڈیشہ میں کورونا کی صورتحال میں بہتری، رات کا کرفیو ختم
بھونیشور، فروری ۔ اڈیشہ حکومت نے کورونا کیسوں کی تعداد میں کمی کے درمیان جمعہ کو ریاست کے تمام شہری علاقوں میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک کا کرفیو ہٹا دیا۔ریاستی حکومت نے کہا کہ کووڈ 19 کے نئے کیسز میں آرہی کمی کے ساتھ ہی ایکٹو کیسز کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے جس کی وجہ سے رات کا کرفیو ختم کیا جا رہا ہے ۔ریاستی ریلیف کمشنر (ایس آر سی) نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت کہا کہ حکومت نے تمام چیزوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے آج سے تمام شہری علاقوں میں نافذ رات کے کرفیو کو ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ریاست میں کووڈ کیسز میں اضافہ کے پیش نظر حکومت نے 28 فروری تک نائٹ کرفیو کو جاری رکھنے کا حکم دیا تھا لیکن انفیکشن کی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسے ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے ۔خاندانی اور صحت کی بہبود کے محکمے کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 671 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 1281455 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں انفیکشن کی شرح 1.14 فیصد اور فعال کیسوں کی تعداد 7855 ہو گئی ہے ۔اسی عرصے میں 15 متاثرین کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 8976 ہو گئی۔ریاست میں اب تک 1264571 لوگ کووڈ سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔