اڈانی نے 3.5 بلین ڈالر میں ایس بی انرجی ہولڈنگز خریدی

نئی دہلی ، اکتوبر۔ صنعتکار گوتم اڈانی نے سبز توانائی کی شعبہ میں اپنی موجودگی کو مستحکم کرتے ہوئے ایس بی انرجی ہولڈنگز انڈیا کا 100 فیصد 3.5 بلین ڈالر میں خریدلیا ہے جس سے ان کی کمپنی کی آپریشنل کارکردگی میں 46 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔مسٹر اڈانی کی گروپ کمپنی اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ (اے جی ای ایل) نے ایس بی انرجی ہولڈنگز لمیٹڈ کے حصول کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ 3.5 بلین ڈالر (26،000 کروڑ روپے) میں کیا گیا تھا۔ اس کے لیے دونوں کمپنیوں نے 18 مئی 2021 کو ایک معاہدہ کیا تھا۔ یہ ہندوستان کے قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں اب تک کا سب سے بڑا سودا ہے۔ اب یہ کمپنی اے جی ای ایل کی اکائی بن گئی ہے۔اس سے قبل سافٹ بینک گروپ اور بھارتی گروپ ایس بی انرجی میں بالترتیب 80 فیصد اور 20 فیصد حصہ رکھتے تھے۔ اس سے قبل ایس بی انرجی کینیڈین پنشن پلان انویسٹمنٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت کر رہی تھی لیکن کچھ اختلافات کی وجہ سے یہ معاہدہ مکمل نہیں ہو سکا۔ اس کے بعد اڈانی گروپ نے اس کے لیے عمل شروع کیا۔مسٹر اڈانی نے حال ہی میں اعلان کیا کہ ان کا گروپ اگلے 10 سالوں میں قابل تجدید توانائی میں 20 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والا ہے۔ اے جی ای ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ونیت ایس جین نے بتایا کہ اس معاہدے نے ان کی کمپنی کو قابل تجدید توانائی کے میدان میں دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بننے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ اس کمپنی کے حصول سے متعدد شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اڈانی گرین کی صلاحیت میں 5 گیگاواٹ کا اضافہ ہوگا۔ کمپنی کے پورٹ فولیو میں سولر ، ونڈ اور سولر ونڈ ہائبرڈ منصوبے شامل ہیں۔ ان میں سے 1700 میگاواٹ کے منصوبے چل رہے ہیں جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔ اے جی ای ایل کی کل صلاحیت 19.8 گیگاواٹ تک بڑھ گئی ہے۔

Related Articles