آٹھ سالوں میں ملک کا اعتماد بڑھا
غریبوں کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ ملا: مودی
شملہ، مئی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں کے دوران ملک کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت کی اسکیموں کے فائدے بغیر کسی بدعنوانی کے 100 فیصد غریبوں تک پہنچ رہے ہیں۔اپنی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں منعقد غریب کلیان سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ 2014 سے پہلے ہندوستان بدعنوانی، گھپلوں ، اقربا پروری اور نوکر شاہی کے لیے دنیا میں جانا جاتا تھا، لیکن اب وقت بدل گیا ہے۔ اور یہ ملک بدعنوانی سے لڑنے، غریبوں کے تئیں حساس ہونے اور ملک کی سرحدوں کو محفوظ رکھنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ جرائم کے خلاف نکیل کسنے اور بدعنوانی کو برداشت نہ کرنے پر اب ہندوستان کا دنیا میں چرچا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں کرپشن کے خلاف لڑنے کے بجائے گھٹنے ٹیکنے کےلئے جانی جاتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ملک کے جن دھن کھاتوں سے گھروں میں گیس کی سہولت، عزت کے ساتھ رہنے کے لیے بیت الخلا، صحت کی سہولیات کے لیے آیوشمان بھارت اسکیم اور ملک کی سلامتی کے لیے ایئر اسٹرائک کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی سرحدیں زیادہ محفوظ ہیں اور ملک کا شمال مشرقی خطہ جو کہ امتیازی سلوک کا شکار رہا ہے، ملک میں شامل ہو گیا ہے۔ حکومت اب مائی باپ کی نہیں بلکہ جنتا جناردن کی خادم ہے۔ حکومت عوام کی زندگیوں میں مداخلت نہیں کر رہی بلکہ اسے آسان بنا رہی ہے۔بدعنوانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ یہ مسئلہ مستقل ہے لیکن ان کی حکومت نے ٹیکنالوجی کے ذریعے بدعنوانی کو کم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی ) اسکیم کے تحت 22 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ لوگوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کیے گئے ہیں۔ تین کروڑ لوگوں کو پکے گھر فراہم کیے گئے ہیں اور 50 کروڑ لوگوں کو 5 لاکھ روپے تک کی مفت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ لوگوں کو 2 لاکھ روپے کی ایکسیڈنٹ انشورنس اسکیم سے جوڑا گیا ہے اور 45 کروڑ لوگوں کے جن دھن کھاتے کھولے گئے ہیں۔ پینے کے صاف پانی کی اسکیم کے تحت تقریباً چھ کروڑ غریب دیہی خاندانوں کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور مدرا یوجنا کے تحت دیہاتوں اور شہروں کے 35 کروڑ لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ اسی طرح 45 لاکھ اسٹریٹ وینڈرس کو قرض کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کئی دہائیوں سے ووٹ بینک کی سیاست کی گئی جس سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ اب ہم ملک کے تعمیر نو کے لیے سب کی کوششوں اور سب کے ایمان کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان دنیا سے آنکھ ملا کر بات کرتا ہے، مجبوری میں دوستی کا ہاتھ نہیں بڑھاتا، اب ہندوستان دنیا کی مدد کےلئے ہاتھ بڑھاتا ہے۔ کورونا بحران کے دوران 150 ممالک کو ادویات اور کٹس فراہم کی گئی ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ اب بین الاقوامی ادارے بھی کہہ رہے ہیں کہ ہندوستان میں غربت کم ہو رہی ہے اور سہولتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ یہاں ریکارڈ غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور برآمدات ریکارڈ پیمانے پر ہو رہی ہیں جو پہلے کبھی نہیں ہو رہی تھیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت صحت کی خدمات کو جدید بنا رہی ہے اور ملک کے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کی کوششیں کر رہی ہے۔ پہلے غریب کا بیٹا انگریزی نہ آنے کی وجہ سے ڈاکٹر نہیں بن سکتا تھا لیکن اب انگریزی کا غلام بننے کی ضرورت نہیں۔ حکومت نے طبی اور تکنیکی تعلیم مادری زبان میں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قبل ازیں، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر نے وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا اور مرکزی مدد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے لداخ، بہار، تریپورہ، کرناٹک، گجرات اور ہماچل پردیش میں حکومت کی مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی۔