آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے پاسپورٹ ریلیز سے متعلق درخواست پر سماعت ملتوی

رانچی، جون۔رانچی کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کے پاسپورٹ کے ریلیز سے متعلق درخواست پر سماعت جمعہ کو ملتوی کر دی گئی اور اب کیس کی اگلی سماعت 14جون کو ہوگی۔ اب مسٹر یادو کے پاسپورٹ کے ریلیز کے معاملے پر فیصلہ 14 جون کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں ہونے والی سماعت کے بعد ہی آئے گا، جس سے فی الحال لالو پرساد یادو کے علاج کے لیے سنگاپور جانے کے فیصلے کو گرہن لگ گیا ہے۔آر جے ڈی سربراہ کی جانب سے سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پاسپورٹ ریلیز کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ ان کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ وہ گردے سمیت سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں اور علاج کے لیے سنگاپور کے ڈاکٹروں سے رابطے میں ہیں۔ جبکہ سنگاپور میں علاج کے لیے پاسپورٹ ضروری ہے۔ اس معاملے میں ایک تاریخ کو خصوصی عدالت میں سماعت بھی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ چارہ گھوٹالہ کیس کی سماعت کے دوران سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے لالو پرساد یادو کا پاسپورٹ ضبط کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہی سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے لالو پرساد یادو کو چارہ گھوٹالہ کے پانچ مختلف مقدمات میں سزا سنائی ہے، بعد میں انہیں سزا کی آدھی مدت پوری کرنے کے بعد مشروط ضمانت بھی مل گئی ہے، لیکن اس میں عدالت میں پاسپورٹ جمع کروانےاور موبائل نمبرنہ بدلنے کی شرط شامل ہے۔

Related Articles