آج سے 4 دن یعنی 28 سے 31 جنوری تک بینک بند ،بینک ملازمین کی30 اور 31 کو ہڑتال
نئی دہلی، جنوری ۔آج سے 4 دن یعنی 28 سے 31 جنوری تک بینک بند رہیں گے۔ بینک ملازمین 30 اور 31 جنوری کو ہڑتال پر جانے والے ہیں۔ اس سے قبل 28 جنوری کو مہینے کا چوتھا ہفتہ اور 29 جنوری کو اتوار ہونے کی وجہ سے بینک بند رہیں گے۔ ایسے میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم اس دوران انٹرنیٹ بینکنگ کی سہولت جاری رہے گی۔ اس سے لوگ پیسے کا لین دین کر سکیں گے۔ہڑتال کے بارے میں، ملک کے سب سے بڑے بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے کہا کہ 30-31 جنوری کو یونین فورم آف بینک یونینزکی طرف سےطلب کی گئی دو روزہ ہڑتال سے ان کی برانچ میں کام کاج متاثر ہو سکتا ہے ۔ بینک ملازمین کی اس ہڑتال میں ملک بھر سے بینک برانچ کے ملازمین شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ ایس بی آئی نے کہا کہ ہمیں انڈین بینکس ایسوسی ایشن (آئی بی اے) کی طرف سے مطلع کیا گیا ہے کہ یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز (یو ایف بی یو) نے یو ایف بی یو سے وابستہ ایسوسی ایشنز یعنی اے آئی بی ای اے، اے آئی بی او سی، این سی بی ای، اے آئی بی او اے ، وغیرہ نے ہڑتال کا نوٹس جاری کیا ہے۔ بینک ملازمین نے اپنے مطالبات کے حصول کے لیے 30 اور 31 جنوری 2023 کو ملک گیر بینک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹاچلم نے کہا کہ بینک ملازمین کے 5 مطالبات ہیں۔ پہلے بینکنگ ورکنگ کلچر میں اصلاحات، بینکنگ پنشن کو اپ ڈیٹ کریں، نیشنل پنشن سسٹم (این پی ایس) کو ختم کریں، تنخواہ پر نظر ثانی کریں اور تمام کیڈرز میں بھرتی کی جائے۔