آئینی عہدے پر بیٹھے حزب اختلاف کے لیڈر کو سنجیدگی سے بات کرنی چاہئے:شرما
جبل پور،جنوری۔ بھارتیہ جنتاپارٹی کے مدھیہ پردیش کے صدر وشنو دت شرما نے آج اسمبلی میں حزب اختلاف لیڈر ڈاکٹر گوند سنگھ کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئینی عہدے پر مقرر ہیں اور انھیں کوئی بھی بات سنجیدگی سے کرنا چاہئے۔مسٹر شرما نے یہاں صحافیوں سے بات کرنے کے دوران کہا کہ وہ ایوان کے اندر حزب اختلاف کے لیڈر ہیں ، آئینی عہدے پر ہیں، انہیں سنجیدگی سے بات کرنی چاہئے ۔ کسی بھی سماجی تنظیم یا شخص کے کردار پرالزام لگاناذمے دار شخص کو زیب نہیں دیتا۔انھوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹر سنگھ کے پاس بی جے پی لیڈروں کے خلاف کو ئی بھی ثبوت ہے، تو انھیں سماج کے سامنے ان چیزوں کو لانا چاہئے۔دراصل ڈاکٹر سنگھ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کے پاس بی جے پی کے لیڈروں کی قابل اعتراض سی ڈی ہے۔ اس کے بعد سے اس مسئلے پر سیاست کا دور شروع ہو گیا ہے۔مسٹر شرما نے کل ڈاکٹر سنگھ کو چیلنج کیا تھا کہ اگران کے پاس کچھ بھی ہے، تو وہ اسے عام کریں۔