انیس خان قتل کی وجہ سے نوجوانوں میں غم و غصہ :گورنر جگدیپ دھنکر
کلکتہ ،فروری ۔آمتا پولس اسٹیشن کے ساردا دکھن خان پارہ گائوں کا خستہ حال تین منزلہ مکان بنگال کی سیاست کا مرکز بن گیا۔انیس خان قتل معاملہ میں ایس آئی ٹی نے نے جانچ میں تیزی لائی ہے تاہم اہل خانہ اور طلبا تنظیمیں اب بھی سی بی آئی جانچ پر مصر ہیں ۔دوسری جانب گورنر جگدیپ دھنکر نےانیس خان قتل معاملہ کو انتہائی تشویش ناک بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے نوجوانوں میں غم و غصہ ہے۔حکومت کی سخت تنقید کرنے والے گورنر انیس قتل معاملے میں اب تک خاموش تھے ۔تاہم کل جب وہ ایک مندر کا دورہ کررہے تھے اس وقت صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ انہوں نے انیس خان قتل معاملے کا نوٹس لیا اور کئی اہم لوگوں سے معلومات حاصل کی ہے ۔بنگال میں اس واقعے کو لے کر غم کا ماحول ہے۔ یہ واقعہ تشویشناک، غصے اور ہمدردی کے لا’ق ہے۔ انیس قتل کے حوالے سے مختلف نامور شخصیات سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انیس خان قتل کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ ہے اس کی منصفانہ جانچ ہونی چاہیے۔گورنر نے کہا کہ انیس خان قتل کی وجہ سے نسل سمیت پورامعاشرہ متاثر ہوا ہے۔ اس لیے معاشرے میں شدید غصہ اور ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ریاست کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے میں بھی تمام شہریوں کے ساتھ پریشانی کی حالت میں ہوں۔تاہم گورنر نے سی بی آئی جانچ یا پھر اس معاملے میں افسران سے جواب طلب کرنے سے متعلق کسی بھی سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ۔