انگلینڈ میں پرائمری اسکول کے ہر بچے کو مفت ناشتہ دیا جائے گا، لیبر پارٹی

لندن ،اکتوبر۔ لیبر پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ برسراقتدار آگئی تو انگلینڈمیں تمام پرائمری اسکولوں کے ہر بچے کو مفت ناشتہ دیا جائے گا،لیبر پارٹی کی تعلیم سے متعلق ترجمان برجیٹ فلپسن نے کہا کہ بریک فاسٹ کلب بچوں کی دیکھ بھال کے جدید سسٹم کی جانب پیش رفت کا پہلا قدم ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بریک فاسٹ کلب کیلئے فنڈ انکم ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح 45 فیصد کرنے کے ذریعہ جمع ہونے والی رقم سے فراہم کیاجائے گا،فی الوقت پسماندہ علاقوں کے اسکولوں بریک فاسٹ کلب کیلئے 75فیصد سبسڈی کی درخواست دیناہوتی ہیجبکہ جولائی تک ان علاقوںمیں جہاں پسماندہ بچوں کی اکثریت رہتی ہے طلبہ کو بالکل مفت ناشتہ دیاجاتاتھا۔ایک ہزار سے زیادہ پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں بریک فاسٹ کلبس کا انتظام کرنے والی ایک چیریٹی میجک بریک فاسٹ کا کہناہے کہ انگلینڈ کے کم و بیش 82فیصد اسکولوں میں کسی نہ کسی قسم کے ناشتے کی فراہمی کا نظام موجود ہے۔لیبر پارٹی ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح میں دی جانے والی چھوٹ کو ختم کردے گی۔برطانوی وزیر اعظم نے اپنی انتخابی دوڑ کے دوران وعدہ کیاتھا کہ والدین کو اسکولوں میں تعلیم کے دوران بچوں کی دیکھ بھال تک رسائی دینے کا وعدہ کیا تھا انھوں نے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو سرکاری فنڈ کے حصول کا حقدار قرار دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔بدھ کو لیبر کانفرنس میں اپنی تقریر کے دوران فلپسن نے کہاکہ بچوں کو مفت ناشتہ فراہم کرنے والے بریک فاسٹ کلبس سے بچوں میں ریاضی اور لکھنے پڑھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور بچوں کے والدین کو چوائس کاموقع ملے گا۔اسکول اور کالج ایسوسی ایشن کے سربراہوں نے کہاہے کہ پرائمری اسکولوں کو مفت ناشتہ کے فراہمی بچوں کی بہبود ہی کیلئے ہی نہیں بلکہ تعلیم اعتبار سے بھی بہت اہم ہے،کیونکہ بھوکے پیٹ بچے تعلیم حاصل نہیں کرسکتے ،جو بچے بھوکے ہوتے ہیں وہ پڑھائی میں زیادہ دلچسپی نہیں لے پاتے اور ان کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ اخراجات زندگی میں اضافے کے بعد اب پہلے سے زیادہ بچے اور فیملیز ایسی صورت حال سے دوچار ہوچکی ہیں جس میں بنیادی ضرورت کی اشیا جس میں خوراک ،گھروں کو گرم رکھنا اور رہائش شامل ہے ان کیلئے ناممکن بنتی جارہی ہیں ،اسکولوں میں مفت ناشتے سے بچوں کی تعلیم اور صحت پر بہت اچھا اثر پڑے گا۔

 

Related Articles