اندور حادثہ کے قصورواروں کی ذمہ داری طے کی جائے گی – شیوراج

اندور، مارچ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اندور کے ایک مندر کے احاطے میں باولی کی چھت گرنے سے پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے کہا کہ قصورواروں کی ذمہ داری طے کرنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہاں زخمیوں سے ملاقات کے بعد مسٹر چوہان نے حادثے سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کی اور میڈیا سے بات چیت میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مندر کے احاطے میں واقع پرانی باولی کو چھت بنا کر ڈھانپ دیا ہے۔ حادثہ اسی چھت کے گرنے سے پیش آیا۔ سب سے پہلے تو حکومت اور انتظامیہ کا کام راحت اور بچاؤ کا کام مکمل کرنا ہے۔مسٹر چوہان نے کہا کہ 35 لوگوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ایک شخص لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ مزید ایک شخص کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مرنے والوں اور زخمیوں کے لواحقین کو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے بھی امدادی رقم دینے کی بات کہی ہے۔ حکومت پوری طرح متاثرین کے ساتھ ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پورے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر قصورواروں کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ پولیس نے اس واقعہ میں فوجداری مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کرے گی۔مسٹر چوہان نے کہا کہ اس کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ایسے کنوؤں اور پرانی باولیوں کی جانچ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جنہیں چھتیں بنا کر یا کسی اور طریقے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ ان کا پتہ لگا کر انہیں محفوظ کیا جائے اور اگر متعلقہ شخص قصوروار ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ انتظامیہ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کنویں یا باولی کھلی ہیں تو ان میں بھی سیکیورٹی سے متعلق چھان بین کی جائے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔مسٹر چوہان نے دہرایا کہ اس وقت حکومت اور انتظامیہ کی ترجیح راحت اور بچاؤ کے کاموں کو مکمل کرنا ہے۔

 

Related Articles