اسکو ل ٹیچر بھرتی گھوٹالہ:ریاستی وزیر تعلیم برتیا باسو کا دورہ لندن منسوخ

کلکتہ،اپریل ۔اسکول سروس کمیشن کے تحت ٹیچراور غیر تدریسی عملہ کی بھرتی میں بدعنوانی اور سی بی آئی جانچ کے پیش نظر ریاستی وزیر تعلیم برتیا باسو نے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے صلاح و مشورہ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق وزیر تعلیم (موجود وزیر صنعت و پارلیمانی امور)پارتھو چٹرجی کے بعد اب ریاستی وزیر مملکت تعلیم پریش ادھیکاری سے سی بی آئی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس صورتحال میں برتیا باسو نے اچانک اپنا دورہ لندن منسوخ کر دیا۔ سکریٹری تعلیم منیش جین بھی لندن نہیں جا رہے ہیں۔ اسکول سروس کمیشن کی بدعنوانی کو لے کر ایک کے بعد ایک عدالتی حکم کے بعد ترنمول حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے سکریٹری کو 23 اور 24 مئی کو برطانوی حکومت کی پہل پر ایک تعلیمی میٹنگ میں شرکت کرنی تھی۔ لیکن ذرائع کے مطابق حالیہ صورتحال کے پیش نظر دورہ لندن منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر مملکت برائے تعلیم پریش سے ہفتہ کو تیسری مرتبہ سی بی آئی پوچھ تاچھ کررہی ہے۔مرکزی تفتیشی ایجنسی کے افسران نے صبح 11 بجے سے ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ دوسری طرف سی بی آئی نے پارتھو چٹرجی کو اگلے ہفتے دوبارہ طلب کیا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو ہائی کورٹ کے ایک ڈویژن بنچ نے سابق وزیر تعلیم کو کوئی تحفظ نہیں دیا تھا۔ عدالت نے پارتھو چٹرجی کو بھی بھرتی کیس میں فریق بنانے کی ہدایت دی تھی۔ وزیر مملکت برائے تعلیم پریش ادھیکاری سے سی بی آئی نے کل تقریباً 10 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ بھلے ہی اب تک برتیا باسو کا نام اس بدعنوانی میں شامل نہیں ہوا ہے، لیکن ان کے دفتر محکمہ تعلیم کو عدالت کے ایک کے بعد ایک فیصلوں کی تنقیدوں کا سامنا ہے۔

Related Articles