اسکاٹ لینڈ 23,21 اور 25جون کو ریل ورکرز کی ہڑتال

گلاسگو ،جون ۔اسکاٹ لینڈ میں23,21 اور25جون کو تین دن کیلئے ٹرین سروسز میں24 گھنٹوں کی ہڑتال کی جارہی ہے جس کے دوران90 فیصد ریل گاڑیاں بند ہوجائیں گی۔ آر ایم ٹی (RMT) یونین کے جنرل سیکرٹری مک لنچ نے تصدیق کی ہے کہ ان کی انتظامیہ کے ساتھ تنخواہ اور کام کے حالات پر ہونے والی بات چیت کسی نتیجے پر پہنچنے کیلئے ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود ناکام ہوگئی ہے، یونین کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک ریل اگلے دو سالوں میں دو بلین پونڈ کی بچت کے لیے25سو ملازمتوں کو کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اس ہڑتال میں برطانیہ بھر سے ریل نیٹ ورک کے40 ہزار ملازمین شامل ہوں گے، اس بات کا بھی اندیشہ ہے کہ نظام میں تعطل کے باعث ہڑتالی ایام کے اگلے دنوں میں بھی ٹرین کی سروسز شاید پوری طرح فعال نہ ہوسکیں، ہڑتال کے دوران اسکاٹ لینڈ میں صرف سینٹرل بیلٹ کے پانچ روٹس پر سروسز مہیا ہوں گی جوکہ صبح ساڑھے سات بجے سے شام ساڑھے6بجے تک چلیں گی، ہڑتال سے انگلینڈ اور ویلز کی سروسز بھی بری طرح متاثر ہوں گی، ان میں اسکاٹ لینڈ سے لندن کے لیے مشرقی اور مغربی ساحل دونوں پر چلنے والی ٹرینز بھی شامل ہیں۔

 

Related Articles