اسکاٹ لینڈ میں ڈاکٹرز کی اکثریت تنخواہ کے تنازع پر ہڑتال پر آمادہ
لندن/ لوٹن ،اگست۔ٹرین ہڑتالوں کے بعد میڈیکل پروفیشنلز بھی ہڑتال کیلئے پرتول رہے ہیں،ا سکاٹ لینڈ میں ڈاکٹروں کی اکثریت تنخواہ پر ہڑتال پر آمادہ ہے، برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن( BMA ) اسکاٹ لینڈ نے خبردار کیا کہ اگر اسکاٹش حکومت کی جانب سے ان کی تنخواہ کی پیشکش پر نظر ثانی نہ کی گئی تو ڈاکٹر ہڑتال پر جانے کے لیے تیار ہیں۔ چیئرمین ڈاکٹر لیوس موریسن نے کہا کہ طبی ماہرین مایوسی کا شکار ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ کیا ہمیں اس پیشے میں رہنا ہے۔ NHS طبی اور دانتوں کے عملے کو اس سال تنخواہ میں 4.5 فیصد اضافہ دیا گیا ہے۔سیکرٹری صحت حمزہ یوسف نے کہا کہ یہ منتقلی کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہے اگر ڈاکٹرز کی ہڑتال آگے بڑھی تو یہ اسکاٹ لینڈ میں ایک دہائی میں پہلی ہڑتال ہوگی۔ تنخواہوں میں کمی کے درمیان ڈاکٹروں نے صنعتی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔