اسلام کا لبادہ اوڑھ کر انسانیت کو لہو لہان کرنے کی القاعدہ کی سازش : نقوی

نئی دہلی، جون۔بھارتیہ جنتا پارٹی اور (بی جے پی ) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ القاعدہ مسلمانوں کا ” محافظ ” نہیں بلکہ ایک "مصیبت” ہے جو اسلام کا ’’لبادہ اوڑھ کر ‘‘ انسانیت کو لہو لہان کرنے کی سازش کر رہا ہے۔آج نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان کا قومی یکجہتی کا مضبوط تانا بانا کسی بھی نفرت اور فرقہ وارانہ سازش کا شکار نہیں ہو سکتا۔ یہ "واسودھیو کٹمبکم ” کی روایات اور ” سب کے لئے امن و شانتی کے عزم کا ہی نتیجہ ہے کہ ہندوستان میں مساوات، آزادی اور قومی ہم آہنگی کے ماحول میں دنیا کے تمام مذاہب پروان چڑھ رہے ہیں۔مسٹر نقوی نے کہا کہ دنیا میں رہنے والے ہر دس مسلمانوں میں سے ایک ہندوستان میں سماجی، معاشی، تعلیمی، مذہبی، آئینی آزادی اور سلامتی کے ساتھ رہ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پڑوسی اسلامی ملک میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے جرائم اور مظالم پر اس کی خاموشی حیران کن ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ تقسیم ہند کے بعد جہاں ہندوستان میں 8 فیصد اقلیتیں تھیں، آج وہ کل آبادی کا 22 فیصد سے زیادہ ہے ، وہیں پاکستان، جہاں تقسیم کے بعد 24 فیصد اقلیتیں تھیں، آج یہ تعدادگھٹ کر 2 فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے۔ہے۔مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں دیگر عبادت گاہوں کی طرح 3 لاکھ سے زیادہ آباد مساجد ہیں، جن میں باقاعدہ نمازیں ہو رہی ہیں ۔ یہاں ہزاروں گرجا گھر، گرودوارے، بودھ مت کی عبادت گاہیں، پارسیوں کی عبادت گاہیں اور جین مندر ہیں۔ اسی طرح 50 ہزار سے زیادہ رجسٹرڈ مدارس، 50 ہزار سے زیادہ دیگر اقلیتی تعلیمی ادارے ہیں، جن میں تعلیمی سلسلہ جاری ہے۔ یہ تعداد کئی اسلامی ممالک میں مذہبی اداروں سے زیادہ ہے۔ یہ سب "ایک بھارت ، شریشٹھ بھارت” اور ” کثرت میں وحدت ” کی طاقت کے احساس کو تقویت پہنچاتے ہیں۔راجیہ سبھا میں بی جے پی کے ڈپٹی لیڈر مسٹر نے کہا کہ پاکستان میں نہ صرف اقلیتوں کا قتل عا م اور ان پر مختلف طرح کے مظالم ڈھائے جاتے ہیں ، بلکہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات میں دھماکوں ، خون خرابے اور ملک میں موجود دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناگاہوں پر پردہ ڈالنے لئے ’’پاکستان اپنے اسپانسرڈ پروپگنڈہ کے ذریعے ہندوستان میں امن، خوشحالی اور خیرسگالی کے ماحول کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔‘‘مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور احترام ملک کی تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے تئیں اس کے عزم کا حصہ ہے۔ گزشتہ 8 برسوں میں، مودی حکومت کے ’’بلا امتیاز ترقی‘‘ کے عزم نے تمام طبقات کو ترقی میں برابر کا حصہ دار بنا دیا ہے۔ اعتماد اور ترقی کا یہی ماحول ہندوستان مخالف عناصر کی بے چینی کی وجہ ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت کی ہمہ جہت ترقی کے کامیاب نتائج سے پریشان کچھ لوگ اقلیتوں کے بارے میں دنیا کے سامنے حقائق اور زمینی حقیقت کے برعکس منفی پروپگنڈہ پھیلا رہے ہیں ، جو اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

Related Articles