اساتذہ تقرری گھوٹالہ: پارتھو چٹرجی کا وزارت چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے
کلکتہ،جولائی ۔ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبات اور احتجاج میں شدت کے باوجودپارتھو چٹرجی نے آج اشارہ دیا ہے کہ وہ ممتا بنرجی کے کابینہ سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔پارتھوچٹرجی کو گزشتہ سنیچر کو ا ی ڈی نے ٹیچر بھرتی گھوٹالہ کے معاملے میں گرفتارکیا ہے۔سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ وزارت سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ لیکن بدھ کوایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت اس کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔منگل کو پارتھوچٹرجی نے اپنی سرکاری گاڑی واپس کردی تھی اس کے بعد سے ہی ان کے استعفیٰ کی قیاس آرائی کی جارہی تھی۔تاہم پارتھوکے قریبی دوستوں کے مطابق، کار کو فی الحال اسمبلی میں واپس بھیج دیا گیا ہے کیونکہ اسے استعمال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کی کوئی ‘اہمیت نہیں ہے۔تاہم پارٹی کے ترجمان کنال گھوش نے کہاکہ پارتھو چٹرجی پارٹی سیکریٹری جنرل ہیں اور وزیر بھی۷ ہیں پارٹی قیادت ان سے متعلق فیصلہ کرے گی۔کنال کے تبصروں سے یہ واضح ہے کہ اس پر بھی غور و خوض شروع ہو گیا ہے کہ آیا پارتھو کو پارٹی کے ترجمان کے طور پر برقرار رکھا جائے گا یا نہیں۔ کنال نے کہا کہ ”کابینہ کے بارے میں اگلے فیصلے کا بھی باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ تاہم کابینہ کا معاملہ میرے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ہے۔گزشتہ ہفتے پارتھو کی گرفتاری کے بعد، ای ڈی کے دعوے کے مطابق، ‘وزیر کی قریبی’ ارپیتا مکھرجی نامی ماڈل اداکارہ کے گھر سے تقریباً 22 کروڑ روپے برآمد ہوئے تھے۔ اس کے بعد ارپیتا کو بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گرفتار کیا تھا۔ کلکتہ کی ایک خصوصی عدالت نے اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کے معاملے میں گزشتہ پیر کو پارتھواور ارپیتا کو 10 دن کی ای ڈی کی تحویل میں دینے کا حکم دیا۔پارتھو اور ارپیتا کو بدھ کی صبح طبی معائنہ کے لیے جوکا ای ایس آئی اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال میں داخل ہوتے وقت صحافیوں نے پارتھو سے پوچھا کہ کیا آپ وزارت چھوڑیں گے؟ پارتھو نے جواب دیاکہ کیوں۔جب وہ چند گھنٹے بعد اسپتال سے نکلے توپھر ان سے سوال کیا گیا مگر وہ خاموش رہے۔ان کی گرفتاری کے بعد سے ہی اپوزیشن جماعتیں پارتھو کو وزارت سے ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس کے بعد بھی پارتھ ترنمول کے جنرل سکریٹری اور ریاستی صنعت کے وزیر کے عہدے پر فائز ہیں۔ تاہم یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ یہ کب تک چلے گا۔ اتفاق سے، ریاستی کابینہ کی میٹنگ جمعرات کی دوپہر نوبنو میں بلائی گئی ہے۔ ای ڈی کی حراست میں ہونے کی وجہ سے پارتھو میٹنگ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ انتظامی حلقوں کے مطابق کابینہ اجلاس میں پارتھوکے بارے میں کچھ فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔