ادھوٹھاکرے کی صحت یابی تک بی جے پی نے وزیراعلیٰ کاعہدہ کسی اورکے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا

ممبئی، دسمبر۔ مہاراشٹر میں اہم اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی نے بدھ کو کہا کہ مسٹر ادھو ٹھاکرے کے مکمل صحت یاب ہونے تک وزیر اعلیٰ کا عہدہ کسی اور کو سونپا جانا چاہیے۔ریاستی بی جے پی صدر چندرکانت پاٹل نے بدھ کو کہا کہ سرمائی اجلاس کے دوران مسٹر ٹھاکرے کی غیر حاضری نامناسب ہے۔انہوں نے ودھان بھون کے باہر نامہ نگاروں سے کہا کہ مسٹر ٹھاکرے کو اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا چارج شیو سینا یا خاندان کے کسی فرد کو سونپ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کانگریس یا نیشنلسٹ کانگریس پارٹی پر بھروسہ نہیں ہے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ وہ بعد میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ ہی نہ چھوڑے۔ مسٹر ٹھاکرے اپنے وزیر بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو وزیراعلیٰ کاچارج سونپ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں ہے کہ وزیر اعلیٰ مقننہ کی کارروائی سے غیر حاضر رہیں۔61 سالہ مسٹر ٹھاکرےسروائیکل اسپائن سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، جس کے لیے انہیں تین ہفتوں تک اسپتال میں داخل ہونا پڑاتھا۔ منگل کو مسٹر ٹھاکرے نے ٹی پارٹی اور کابینہ کی میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی تھی۔ مسٹر ٹھاکرے اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا سے کام کر رہے ہیں اور کابینہ کی میٹنگوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کر رہے ہیں۔

Related Articles