اجودھیا۔کاشی کے بعد اب متھرا کی تیاری:کیشو موریہ
لکھنؤ:۔ دسمبر،اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی گلیارے میں حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے مندر تعمیر کو انتخابی ایجنڈا بنانے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔اجودھیا میں رام مندر تعمیر اور وارانسی میں کاشی وشوناتھ کاریڈور کی تعمیر کا عمل شروع ہونے کے بعد اب متھرا میں بھی شاندار مندر تعمیر کا وعدہ اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے کیا ہے۔ موریہ نے بدھ کو ٹوئٹ میں کہا اجودھیا۔ کاشی میں شانداری مندر کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ متھرا کی تیاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ اب تک بی جے پی اور آر ایس ایس و وشوہندو پریشد سمیت دیگر سخت گیر تنظیموں کی جانب سے اجودھیا، وارانسی اور متھرا میں مندر کی تعمیر کو پورا کرنے کے دعوے کئے جاتے رہے ہیں۔ اترپردیش حکومت کے کسی سینئر وزیر نے اجودھیا میں رام جنم بھومی کے بعد متھرا واقع کرشن جنم بھومی پر شاندار مندر کی تعمیر کی بات کہہ کر سیاسی بحث کو تیز کردیا ہے۔موریہ نے جئے شری رام، جئے شیو سمبھو اور جئے شری رادھے کرشنا کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ اجودھیا اور کاشی میں شاندار مندر کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اب متھرا کی تیاری ہے۔ معلوم ہو کہ بی جے پی اور اس سے وابستہ تنظیمیں اجودھیا کے علاوہ وارانسی اور متھرا میں ہندو مذہبی مقامات کے نزدیک ہی مسجد تعمیر کی وجہ سے ہوئے مبینہ غیر قانونی قبضہ کوہٹانے کامطالبہ گذشتہ کئی دہائیوں سے کررہی ہیں۔اجودھیا میں رام جنم بھومی پر بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کی عدالت عظمی سے اجازت ملنے کے بعد اجودھیا میں واقع رام مندر کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وہیں وارانسی واقع کاشی وشوناتھ کاریڈور کے تحت شیو مندر احاطے میں خستہ حال ہوچکے مندروں کی دوبارہ تعمیراتی کام تقریبا پورا ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ آنے والے 13دسمبر کو اس کا افتتاح کیا جائے گا۔