اجنبیوں کو وائی فائی یا ہاٹ سپاٹ کنکشن فراہم کرنے سے احتراز کریں: پولیس بنام انٹر نیٹ صارفین
سری نگر،جولائی ۔ بڈگام پولیس نے ضلع کے انٹر نیٹ صارفین سے اجنبیوں کو وائی فائی یا ہاٹ اسپاٹ کنکشن فراہم کرنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جرائم پیشہ اور تخریبی عناصر ایک دوسرے کےساتھ بات چیت کرنے اور تخریبی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے دوسروں کے وائی فائی اور ہاٹ اسپاٹ کا استعمال کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا: ’بڈگام کے شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران ذمہ دار شہریوں کے بطور کام کریں اور کسی اجنبی کو وائی فائی یا انٹرنیٹ کنکشن فراہم نہ کریں‘۔موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انٹر نیٹ صارفین سے گذارش ہے کہ وہ اپنے وائی فائی یا ہاٹ سپاٹس کا پاس ورڈ رکھیں اور اس پاس ورڈ کو بار بار تبدیل کرتے رہیں۔