اتراکھنڈ سڑک حادثات پر مودی کا اظہارغم
نئی دہلی/دہرا دون، فروری ۔وزیر اعظم نے اتراکھنڈ میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں تین اساتذہ سمیت 17 لوگوں کی موت اور چار دیگر کے زخمی ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹرمودی نے کہا، چمپاوات، اتراکھنڈ میں حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ میں اس میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے۔”قابل ذکر ہے کہ اتراکھنڈ میں منگل کو چھ گھنٹے کے دوران دو الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ ریاست کے چمپاوت میں منگل کی صبح باراتیوں سے بھری جیپ کھائی میں گرنے سے 14 افراد کی موت کے بعد، اب پوڑی ضلع میں اسکول جانے والے اساتذہ کی گاڑی کھائی میں گر گئی۔ جس کے باعث دو خواتین اساتذہ سمیت تین اساتذہ جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ کار میں سوار تمام اساتذہ معمول کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 9.30 بجے کوٹ دوار سے گمکھل مارگ پر اپنے اسکول جا رہے تھے۔ اسی دوران بے قابو کار گہری کھائی میں جاگری۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اتراکھنڈ کے کماون ڈویژن میں منگل کی علی الصبح 3.30 بجے بارات سے واپس آرہی ایک گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر گئی، جس کی وجہ سے 14 لوگوں کی موت ہو گئی اور ڈرائیور سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔