ہریانہ میں کارکنوں کے لیے صحت کی سہولیات کو بڑھایا جائے گا: منوہر لال

نئی دہلی، مئی۔ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں کارکنوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریاستی محکمہ صحت اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے بدھ کو یہاں مرکزی وزیر محنت و روزگار بھوپیندر یادو سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کارکنوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ای ایس آئی ہسپتال کی خدمات کو بڑھایا جا رہا ہے۔ اس کے لیے محکمہ صحت اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن کے درمیان جلد ہی ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس کے تحت ورکرز کا مختلف قسم کا ڈیٹا بھی شیئر کیا جائے گا۔میٹنگ میں گروگرام میں 500 بستروں والے ای ایس آئی اسپتال کے علاوہ ریاست کے پانچ دیگر ای ایس آئی اسپتالوں، نرسنگ کالجوں اور ای ایس آئی ڈسپنسریوں پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا سے بات چیت کے دوران مسٹر یادو نے مزدوروں کی عام خدمات اور سہولیات، مزدوروں کی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے مناسب نفاذ کے لیے ہریانہ حکومت کی تعریف کی۔میٹنگ میں وزارت محنت اور روزگار کے سکریٹری سنیل برتھوال، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری وی اوماشنکر اور دیگر سینئر مرکزی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

Related Articles