گوا میں ہر مستحق شخص ویکسین کی پہلی ڈوز مل چکی ہے
حکومت گوا کی برانڈ انڈیا شناخت کو فروغ کے تئیں پرعزم: مودی
نئی دہلی ، ستمبر -وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز کووڈ ویکسینیشن مہم میں گوا کی شاندار کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست برانڈ انڈیا کی مضبوط شناخت ہے اور حکومت اس کے کردار کو فروغ کے لیے پرعزم ہے۔کووڈ ویکسینیشن مہم کے حصے کے طور پر گوا کی پوری بالغ آبادی کو دی جانے والی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کی حصولیابی پر آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہیلتھ ورکرز ، ڈاکٹروں اور مستفید افراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ’گوا میں ہر مستحق شخص ویکسین کی پہلی ڈوز مل چکی ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں یہ ایک بڑی بات ہے۔ اس کے لیے گوا کے تمام لوگوں کو بہت بہت مبارکباد‘۔گوا کو ملک کا برانڈ ایمبیسڈر قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ’گوا لامحدود امکانات کی سرزمین ہے گوا نہ صرف ملک کی ایک ریاست ہے بلکہ برانڈ انڈیا کی ایک مضبوط شناخت ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ گوا کے اس کردار کو فروغ دیں‘۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گوا میں جو اچھے کام ہو رہے ہیں اس میں تسلسل بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ریاست میں سیاسی استحکام کی وجہ سے ممکن ہوا ہے کیونکہ گوا کو طویل عرصے کے بعد اچھی حکمرانی اور سیاسی استحکام ملا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوا کے لوگ اس استحکام کو برقرار رکھیں گے‘۔سیاحت کے نقطہ نظر سے گوا کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ’ہندوستان نے اپنی ویکسینیشن مہم میں سیاحت کے شعبے سے وابستہ ریاستوں کو بڑی ترجیح دی ہے۔ شروع میں ہم نے نہیں کہا کیونکہ اس پر بھی سیاست شروع ہونے لگتی ، لیکن یہ بہت ضروری تھا کہ ہمارے سیاحتی مقامات کھلیں‘۔ انہوں نے کہا کہ اس بابت غیر ملکی سیاحوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ، مرکزی حکومت نے ہندوستان آنے والے 5 لاکھ سیاحوں کو مفت ویزا دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
مسٹر مودی نے کہا کہ گوا نے نامساعدحالات میں 100 فیصد بالغ آبادی کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دینے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے ، لہذا یہ اور بھی اہم ہے۔ اس کے لیے تمام ہیلتھ ورکرز کی پیٹھ تھپتھپاتے ہوئے انہوں نے کہا ،’پچھلے چند مہینوں میں گوا نے قدرتی آفات جیسے بھاری بارش ، سائیکلون ، سیلاب سے بھی بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ میں ان تمام قدرتی چیلنجز کے درمیان کورونا ویکسینیشن کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام کورونا ویرئیرس، ہیلتھ ورکرز ، ٹیم گوا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔اس موقع پر اپنی سالگرہ پر ، وزیر اعظم نے جمعہ کو پورے ملک میں 2.5 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگانے پر ملک کے تمام ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرزکو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا ، ’میں تمام ڈاکٹروں ، طبی عملے ، ملک کی انتظامیہ سے وابستہ لوگوں کی بھی تعریف کرنا چاہتا ہوں۔ آپ سب کی کوششوں کی وجہ سے ، کل ہندوستان نے ایک ہی دن میں 2.5 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین دینے کا ریکارڈ بنایا ہے‘۔اپنی سالگرہ کی مبارکبادیوں اور ریکارڈ توڑ ویکسینیشن کے لیے ہر ایک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کل ان کے لیے بہت جذباتی دن تھا۔ انہوں نے کہا ، ’سالگرہ کئی بار آئی اور چلی گئی ، لیکن میں ہمیشہ اپنے ذہن میں ان چیزوں سے الگ رہا ہوں ، میں ان چیزوں سے دور رہا ہوں۔ لیکن اتنی عمر میں ، کل میرے لیے بہت جذباتی کر دینے والا تھا۔ کل کا دن میرے لیے بہت خاص دن بن گیا ہے۔ میڈیکل فیلڈ کے لوگ ، جو اپنی زندگی کی پرواہ کیے بغیر پچھلے دو سالوں سے وابستہ ہیں ، کورونا سے لڑنے میں ہم وطنوں کی مدد کر رہے ہیں ، جس طرح انہوں نے کل ویکسینیشن کا ریکارڈ دکھایا ہے ، یہ بہت بڑی بات ہے۔ ہر ایک نے اس میں بہت تعاون کیا ہے۔ لوگوں نے اسے خدمت سے جوڑا۔ یہ ان کی ہمدردی ، فرض کا احساس ہے کہ ویکسین کی 2.5 کروڑ خوراکیں دی جا سکی ہیں‘۔مسٹر مودی نے کہا کہ ایک دن میں کورونا ویکسین کی 2.5 کروڑ سے زائد خوراکیں دینے کا ریکارڈ ہندوستان کی استعداد، صلاحیت اور عزم کا مظہر ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس ملک کے لوگ جس ہدف کو حاصل کرنے کے بارے میں ٹھان لیتے ہیں‘ اسے حاصل کرکے ہی دم لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوا نے ’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس اور سب کا پریاس ‘کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے گوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر منوہر پاریکر کو بھی یاد کیا۔اس سے قبل وزیر اعظم نے سماجی کارکنوں ، فرنٹ لائن کورونا ویریئرز، ڈاکٹروں ، نرسوں ، ہیلتھ ورکرز اور مستفید افراد کے ساتھ ٹیکہ کاری کے تجربہ اور سہولیات کے فروغ کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ اس موقع پر گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت اور گوا کے ارکان پارلیمنٹ اور کئی دیگر معزز افراد بھی موجود تھے۔