کورونا وائرس:مغربی بنگال کے چار میونسپلٹیوں کے انتخابات تین ہفتوں کیلئے موخر۔۔نئی تاریخ کا اعلان جلد

کلکتہ جنوری . کورونا وائرس کے تیسری لہر کے تناظر میں کلکتہ ہائی کورٹ کے مشورے کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے چار میونسپلٹی آسنسول، بدھان نگر، چندن نگر اور سلی گوڑی میونسپلٹی کے انتخابات جو 22جنوری کو ہونے والے تھے کو 3ہفتوں کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آج شام تک ریاستی الیکشن کمیشن نئی تاریخ کا اعلان کرسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق بدھان نگر، چندن نگر، آسنسول اور سلی گوڑی میونسپلٹی کے انتخابات22 جنوری کے بجائے 12 فروری کو ہوں گے۔ووٹوں کی گنتی 15 فروری کو ہو سکتی ہے۔ تاہم کمیشن نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے۔کورونا وائرس کی تیسری لہر میں میونسپلٹی انتخابات کو ملتوی کرنے کی عرضی کی سماعت کے دوران کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی قیادت والی بنچ نے واضح کیا کہ انتخابات کو ملتوی کرنے کا اختیارات ریاستی الیکشن کمیشن کو ہے۔عدالت نے کورونا کی وجہ سے انتخابات ملتوی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ اپنے فیصلے سے عدالت کو 48گھنٹے میں مطلع کریں کہ ان حالات میں انتخابات ملتوی کرنا ممکن ہے یا نہیں۔آج سنیچر صبح ریاستی حکومت کی طرف سے بھی ریاستی الیکشن کمیشن کو ایک خط دیا گیا جس میں کہا گیا کہ ریاستی حکومت کو میونسپلٹی انتخابات کو موخر کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ریاستی حکومت کی طرف سے بھی گرین سنگنل ملنے کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ ہوئی جس میں ووٹنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اس سے قبل کلکتہ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران ریاستی حکومت نے کہا کہ انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد انتخابات کو ملتوی کرنے کا اختیار ریاستی حکومت کے پاس نہیں ہے بلکہ ریاستی الیکشن کمیشن کے اختیارات میں شامل ہے۔جب کہ ریاستی الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ انتخابات اسی وقت انہیں موخر کرنے کا اختیار ہے جب ریاستی حکومت قدرتی آفات منیجمنٹ ایکٹ کے نفاذ کردے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے آرٹیکل 243 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو ملتوی کرنے پر حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

Related Articles