کنگنا سے ایوارڈ واپس لیا جائے: ہڈا

چنڈی گڑھ،نومبر۔ہر یانہ اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا نے آج مطالبہ کیا کہ اداکارہ کنگنا رناوت سے پدم شری ایوارڈ واپس لیا جائے۔ہڈا نے یہاں جاری بیان میں حالانکہ کنگنا رناوت کا نام نہیں لیا لیکن انہوں نے اداکارہ کے حال میں ملک کی آزادی کے بارے میں دیے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی ملک کی آزادی اور مجاہدین آزادی کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہڈا نے کہاکہ آزادی اور جنگ آزادی کے دوران ہمارے عظیم مجاہدین آزادی کی قربانیوں کی تذلیل کرنے والی اداکارہ جس کو پدم شری ایوارڈ دیا گیا ہے اسے بھی واپس لیا جانا چاہئے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ برسوں کی جنگ اور بے شمار قربانیوں کے بعد ہمارے ملک کو آزادی ملی ہے۔ جن لوگوں کو لگتاہے کہ ملک کو آزادی بھیک میں ملی ہے انہوں نے شاید کبھی تحریک آزادی کے بارے میں کچھ بھی نہیں پڑھا ہے۔

Related Articles