کشمیر میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا

سری نگر،جون۔وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے دریاؤں اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں بدھ کی سہہ پہر سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔وادی میں گذشتہ پانچ دنوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف یہاں کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو پار کرنے لگی ہے وہیں شہر و گام کی سڑکیں اور گلی کوچے بھی زیر آب ہیں جس سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا از بس محال ہو گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دریائے جہلم میں سنگھم کے مقام پر بدھ کی صبح پانی کی سطح 18 فٹ تجاوز کر گئی تھی جبکہ رام منشی باغ سری نگر میں جہلم کی سطح آب 12.50 فٹ تھی جو خطرے کے نشان سے ساڑھے تین فٹ کم تھی۔وادی کے دیگر ندی نالوں بھی پانی سے لبالب بھرے ہوئے ہیں بلکہ کئی نالوں کا پانی کناروں سے بہہ کر سڑکوں اور رہائشی مکانوں میں بھی گھس آیا ہے جس نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔سری نگر کے جہانگیر چوک علاقے کی سڑک پانی سے اس قدر بھری ہوئی ہے کہ وہ سڑک سے زیادہ ایک دریا کا ہی نظار پیش کر رہی ہے شہر کی دیگر کئی علاقوں کا حال بھی ایسا ہی ہے۔وادی کے سرحدی قصبہ گریز، بال تل اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔وادی میں تازہ برف باری اور موسلا دھار بارشوں سے سردی میں اضافہ درج ہوا ہے جس نے لوگوں کو گرم لباس ایک بار پھر زیب تن کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران57.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران69.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران46.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران34.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت9.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 75.2 ملی میٹر بارش ریکارڈہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Related Articles