کسانوں کو بیدار کرکے منڈیوں میں ای پیمنٹ کو فروغ دیں:گہلوت

جے پور، جنوری ۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ زرعی پیداوار کی قیمتوں کو مزید مسابقتی بنانے کے لیے منڈیوں میں آن لائن تجارت کو فروغ دے کر ای پیمنٹ کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔مسٹر گہلوت پیر کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے زراعت مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے بجٹ اعلانات اورمحکمانہ اسکیموں کی پیشرفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ای پیمنٹ کے بارے میں معلوم ہوگا تو وہ خود آگے بڑھ کر اسے اختیارکریں گے۔ انہوں نے اس کے لئے کسانوں کو بیدارکرنے کی ضرورت پرزوردیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے اور کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت ملنے کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے کسانوں کو ای پیمنٹ والی کامیاب ترین منڈیوں کا دورہ کرایا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایگریکلچر مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کو چاہیے کہ وہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت منڈیوں کا انتخاب کرکے کسانوں کو آگاہ کرے اور مخصوص منڈی کو صد فیصدای پیمنٹ پر مبنی بنانے کے لیے مہم چلائے۔

Related Articles