چرنجیت چنّی پنجاب کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے

چنڈی گڑھ-ستمبر۔ چرنجیت سنگھ چنی (58) جو پنجاب کی سبکدوش کیپٹن امریندر حکومت میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انڈسٹریل ٹریننگ کے وزیر تھے ، آج ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔حلف برداری کی تقریب راج بھون میں صبح 11 بجے رکھی گئی ہے جہاں گورنر بنواری لال پروہت مسٹر چنی کو اپنے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی امور کے انچارج ہریش راوت ، پارٹی کے مرکزی مبصر اجے ماکن اور ہریش چودھری اور کیپٹن امریندر سنگھ سمیت پارٹی کے ایم ایل اے اور دیگر سینئر لیڈرز اور سرکردہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔فی الوقت مسٹر چنی کے ہی بطور وزیر اعلیٰ حلف لینے کی بات سامنے آرہی ہے۔ تاہم ، ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ کے حلف برداری کے بارے میں آوازیں باز گشت کررہی تھیں ، جس میں وزیر خوراک ، سپلائی اور صارفین امورکے وزیر بھارت بھوشن آشو اور سماجی تحفظ ، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر ارونا چودھری کے نام سامنے آئے تھے۔ ہائی کمان کی جانب سے اشارے یا حکم ملنے پر اس بارے میں فیصلہ حلف برداری سے عین قبل لیا جاسکتا ہے ۔

Related Articles