پی ایم مودی نے بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم سلمان بن حمد الخلیفہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی
نئی دہلی،فروری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم سلمان بن حمد الخلیفہ کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی۔ اس دوران ولی عہد شہزادہ سلمان نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان کو مبارکباد دی۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔وزارت نے اپنے بیان میں بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تعلقات نے سیاسی، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، صحت، سیکورٹی اور عوام سے عوام رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل پیش رفت کی ہے۔ ہندوستان اور بحرین 2021-22 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے بحرین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بحرین میں ہندوستانی کمیونٹی کی بہترین دیکھ بھال کی اور کووڈ وبا کے دوران ان کی سماجی اور ثقافتی ضروریات کو پورا کیا۔وزارت نے اپنے بیان میں بتایاکہ وزیر اعظم مودی نے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو مبارکباد دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور وزیر اعظم کو جلد از جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔