وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بحریہ کی دیسی ساختہ آبدوز میں ہوئے سوار
نئی دہلی، مئی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعہ کو بحریہ کے کاروار بیس سے بحریہ کی اہم اور طاقتور آبدوز کھنڈیری میں سوار ہوئے۔ بحریہ کے ترجمان نے آج بتایا کہ مسٹر سنگھ صبح کاروار نیول بیس سے آبدوز کھنڈیری پر سوار ہوئے ۔ وزیر دفاع کےسوار ہونے کے بعد آبدوز سمندر کی گہرائیوں میں اپنی سرگرمیوں کے لیے روانہ ہو گئی ۔اس دوران وزیر دفاع نے آبدوز کی آپریشنل سرگرمیوں کا قریبی جائزہ لیا ۔ آبدوز پرسوار افسران نے وزیر دفاع کو آبدوز کی آپریشنل سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ کھنڈیری پروجیکٹ 75 کلاس کی دوسری آبدوز ہے ۔ اسےممبئی میں واقع مجا گاؤں ڈوک لیمٹڈ میں میک ان انڈیا پہل کے تحت بنایا گیا ۔ اس آبدوزکی نقاب کشائی ستمبر 2019 میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی تھی ۔ اس سے پہلے مسٹرسنگھ نے صبح کاروار نیول بیس پر بحریہ کے افسروں اور ملاحوں کے ساتھ یوگا مشق میں بھی حصہ لیا ۔ مسٹر سنگھ دو روزہ دورے پر جمعرات کو کاروار نیول بیس پہنچے تھے۔