وزیراعظم کسانوں کو غیرمشروط مذاکرہ کے لیے مدعو کریں: اکالی دل
چنڈی گڑھ، ستمبر۔ شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر فوراً اور مؤثر ڈھنگ سے دخل دے کر تینوں زرعی قوانین کو رد کرنے کے لیے کسانوں کوغیرمشروط بات چیت کے لیے مدعو کریں۔ پرامن بند کی مکمل کے لیے ملک کے کسانوں بالخصوص پنجاب اور ہریانہ کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر بادل نے آج یہاں کہا کہ سب نے مل کر حکومت کو دکھا دیا ہے کہ کیسے پورا ملک انّداتا (کسان) کے پیچھے مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے زرعی قوانین کو رد کرنے کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی بھی درخواست کی۔ اگر حکومت نے اس مسئلے پر اکالی دل کی صلاح پر توجہ دی ہوتی تو آج حالات یکسر مختلف ہوتے۔ جب پارٹی نے نہ صرف پارلیمنٹ میں بک کے خلاف ووٹنگ کی تھی بلکہ کابینہ بھی چھوڑ دیا اور تینوں ایکٹ کی مخالفت میں اکالی دل نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد ختم کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر حکومت کو بلاشرط اور بغیر وقت ضائع کیے کسان تنظیموں کو بات چیت کے لیے مدعو کرنا چاہیے۔ اکالی دل کسانوں کے ساتھ یکجہتی سے کھڑا ہے۔