نائیڈو نے مہاتماگاندھی کی جینتی پر باشندگان وطن کو نیک خواہشات پیش کیں
نئی دہلی، اکتوبر۔نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 21 ویں صدی میں بھی مظلوموں کے حمایتی اور نمائندہ بنے ہوئے ہیں۔ جمعہ کو مہاتما گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر یہاں جاری ایک پیغام میں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے دنیا کو ناانصافی کے خلاف لڑائی کا حق اور عدم تشدد کا ایک نیا راستہ دکھایا اور انسانیت پر ایک انمٹ نشان چھوڑا۔ انہوں نے ہندوستان کو نوآبادیاتی حکمرانی سے آزاد کرانے کے لیے اپنی کوششوں کو سچ (ستیہ گرہ) اور عدم تشدد کے اقدار پرقائم کیا۔ وہ اکیسویں صدی میں بھی مظلوموں کے حمایتی اور نمائندہ بنے ہوئے ہیں۔ نائب صدر نے کہا، میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی جینتی کے موقع پر اپنے ہم وطنوں کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ گاندھی جی کا عدم تشدد کا اصول امن ، ہم آہنگی اور عالمگیر بھائی چارے کی مشترکہ تلاش میں ہماری اورباقی دنیا کی رہنمائی کرتارہے گا۔ جے ہند۔