مودی 26 سے 28 جون تک جرمنی، یو اے ای کا دورہ کریں گے

نئی دہلی، جون۔وزیر اعظم نریندر مودی 26 سے 28 جون تک جرمنی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورہ پر جائیں گے۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر مودی جرمن چانسلر اولاف شولز کی دعوت پر شلوس ایلماؤ میں منعقد ہونے والی جی-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے 26 اور 27 جون کو جرمنی کا دورہ کریں گے۔ سربراہی اجلاس میں وزیراعظم کے ماحولیات، توانائی، آب و ہوا، غذائی تحفظ، صحت، صنفی مساوات اور جمہوریت پر دو اجلاسوں سے خطاب کرنے کا امکان ہے۔ دیگر جمہوریتوں جیسے ارجنٹائن، انڈونیشیا، سینیگال اور جنوبی افریقہ کو بھی ان اہم موضوعات پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعظم بعض ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ بات چیت بھی کریں گے۔ اس سے پہلے، مسٹر مودی ابھی 2 مئی کو جرمنی گئے تھے جہاں انہوں نے ہندوستان-جرمنی بین حکومتی مشاورتی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد مسٹر مودی 28 جون کو ایک مختصر دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچیں گے اور متحدہ عرب امارات کے سابق صدر اور ابوظہبی کے سابق حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر ذاتی طور پر تعزیت کریں گے۔ وہ شیخ محمد بن زید النہیان کو ملک کا نیا صدر اور ابوظہبی کا نیا حکمران بننے پر مبارکباد بھی دیں گے۔ مسٹر مودی اسی دن وطن واپس آجائیں گے۔

Related Articles