مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مدھیہ پردیش میں ’سوامتو یوجنا‘ شروع کی
بھوپال ،اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دیہی علاقوں میں جائیداد کی ملکیت سے متعلق ایک اہم سوامتو یوجنا کا آغاز کیا۔مسٹر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دہلی سے جڑے، جبکہ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ہردا ضلع میں منعقدہ پروگرام میں حاضرہوکر ورچوئل طریقے سے حصہ لیا۔ آج 19 اضلاع کے تقریبا 3 ہزار گاووں کے ایک لاکھ 71 ہزار مستحقین کو ای پراپرٹی کارڈ (رائٹس ریکارڈ) سنگل کلک کے ذریعہ فراہم کرنے کی رسم مکمل ہو گئی۔مسٹر مودی نے سیہور، ہردا اور ڈنڈوری اضلاع کی اسکیم سے متعلقہ مستحقین سے بات چیت بھی کی۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسکیم کو جن 9 ریاستوں میں تجرباتی بنیادپر نافذ کی گئی ہے، ان میں مدھیہ پردیش بھی شامل ہے ۔ مدھیہ پردیش میں سوامتوا اسکیم کانفاذ تین مراحل میں 10-10 اضلاع کو شامل کرکے ترتیب وار انداز میں شروع کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت سروے آف انڈیا کی مدد سے قریوں میں رہائشی علاقوں پرڈرون کے ذریعہ نقشے کی تیاری اورڈورٹوڈور سروے کرکے حقوق کے ریکارڈ تیارکیے جارہے ہیں۔ اب تک مدھیہ پردیش کے 42 اضلاع میں سروے کا عمل شروع ہو چکا ہے جس کے تحت 24 ڈرون کی مدد سے 24 اضلاع میں کام جاری ہے۔ ان میں سے 6500 دیہاتوں میں ڈرون کا کام مکمل کیاجاچکا ہے۔مستحقین کو اسکیم کے زیادہ سے زیادہ فوائد فراہم کرنے کے لیے سروے کے ضوابط کو موجودہ ضرورت کے مطابق آسان بنایا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت گاووں میں مکان بناکر رہنے والے دیہی باشندوں کواپنے گھر کا مالکانہ حق مل سکے گا۔ آبادی زمین کے کاغذات مل جانے سے قانون کاسہارا حاصل ہونے لگے گا۔ اپنی مرضی سے گھربنانے اورتجاوزات کے مسائل سے نجات ملے گی۔