مودی، راہل نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن کوسالگرہ کی مبارک باددی

نئی دہلی، ستمبر۔وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت سرکررہ رہنماؤں نے اتوار کو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی اوران کی درازئی عمر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سابق وزیر اعظم آج 89 سال کے ہو گئے اور انہوں نے اپنی سالگرہ سادگی سے منائی۔ مسٹر گاندھی سمیت کئی رہنماؤں نے ان کی رہائش گاہ پرجاکرانہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔مسٹر مودی نے ٹویٹ کرکےاپنے تہنیتی پیغام میں کہا’’ہمارے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو سالگرہ مبارک ہو۔ میں ان کی لمبی عمر اور اچھی صحت کے لیے دعا گو ہوں‘‘۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی صبح ڈاکٹر سنگھ کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی لمبی عمر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔مسٹر گاندھی نے کہا’’ ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو سالگرہ کی نیک خواہشات۔ وہ نڈر اور باصلاحیت شخصیت ہیں اور ملک جن چیلنجز کا سامنا کررہا ہے ان امور کی وہ بڑی سمجھ رکھتے ہیں۔ ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ہے۔ میں اس کی اچھی صحت اور خوشگوار زندگی کیلئے دعا گو ہوں‘‘۔کانگریس پارٹی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا’’آج جب اقتدار کی ناکام پالیسیوں سے پیدا ہونے والی معاشی بدحالی نے ملک کو چاروں طرف سے گھیرلیا ہے، تو ضروری ہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے خیالات سے سبق لے کراس بحران سے نکلا جائے۔ سرخ آنکھیں دکھانے کی انتخابی ہوابازی کرکے کلین چٹ دینے والوں کوملک کی سالمیت اور سلامتی کا سبق ڈاکٹر منموہن سنگھ جی سے سیکھنا چاہیے‘‘۔

Related Articles